وزیراعظم شہباز شریف کی لائیوسٹاک بورڈ کی تنظیمِ نو کی منظوری،مویشیوں میں منہ کھر کے خاتمے کیلئے جامع ایکشن پلان طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیمِ نو کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو بورڈ میں شامل کرکے اسے ایک مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے۔
وزیراعظم نے مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے واضح اہداف اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے اسلام آباد میں مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین تیار کرنے کا پلانٹ قائم کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبوں کی ترقی کے لیے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں اور متعلقہ ممالک کے کامیاب تجربات سے استفادہ کیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لائیوسٹاک کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، جسے مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے برآمدات بڑھانے، معاشی ترقی اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔



