لاڑکانہ: 8سالہ بچی مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا شکار

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کے علاقے نودیرو میں 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے. محلہ غریب آباد کی رہائشی لڑکی کو ملزم نے خالی مکان میں لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور شدید زخمی حالت میں تڑپتا چھوڑ کر فرار ہوگیا. خون سے لت پت بچی کسی طرح اپنے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی اور والدہ سمیت اہلخانہ کو واقعے کی تفصیلات بتائیں. بعد میں زخمی بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا. زخمی بچی اور ورثاء نے اپنے رشتہ دار نوجوان محمد علی چنہ پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا اور پولیس کو بھی تفصیلات سے آگاہ کیا. متاثرہ خاندان نے فوری طور پر واقعے کا مقدمہ درج کرواکر ملزم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے.



