شہدا کے بچوں کی طبی تعلیم کیلئے سندھ پولیس اور چانڈکا انسٹی ٹیوٹ ہیلتھ سائنسز کا معاہدہ

شہداء کے خاندان ہماری ذمہ داری ہیں،آج کا قدم ان کے مستقبل کو مضبوط اور روشن کرے گا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں سندھ پولیس کے شہداء کے بچوں کے لیے روشن مستقبل کی نئی راہیں کھل گئیں، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی موجودگی میں چانڈکا انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور سندھ پولیس کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت شہداء کے بچوں کو مکمل طور پر مفت طبی تعلیم فراہم کی جائے گی،

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب ایک امید، عزم، اور نئے سفر کی علامت بنی، جہاں سندھ پولیس اور چانڈکا نرسنگ انسٹی ٹیوٹ نے بہادر شہداء کے خاندانوں کی بہتر تعلیم اور ترقی کی خاطر مشترکہ قدم اٹھایا، تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، چیئرمین انسٹی ٹیوٹ سید اقبال بابو اور پولیس افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی. مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین سید اقبال بابو اور ڈی آئی جی لاڑکانہ نے دستخط کیے یہ معاہدہ شہداء کے بچوں کو سالانہ دو ڈگری پروگراموں اور 12 شارٹ کورسز میں مکمل مفت تعلیم فراہم کرے گا جبکہ حاضر سروس پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے 50 فیصد رعایت رکھی گئی ہے.

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے بہادر سپاہیوں نے عوام کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کیں شہداء کے خاندان ہماری ذمہ داری ہیں، اور آج کا قدم ان کے مستقبل کو مضبوط اور روشن کرے گا. انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اور عوام ایک دوسرے کے قریب آگئے ہیں، دیگر ادارو کو بھی پولیس اہلکاروں اور ان کے بچوں کے لئے اپنے دامن میں جگہ بنانی ہوگی. تقریب میں آئی جی سندھ نے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد بھی دیں، کانفرنس ہال کا افتتاح بھی کیا.

مزید خبریں

Back to top button