لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش، متعدد فیڈر ٹرپ، درخت، سائن بورڈ گر گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، تاہم متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، گلبرگ، مسلم ٹاؤن، اچھرہ، چوبرجی اور دیگر علاقوں میں بادل خوب برسے، جبکہ کئی فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

راولپنڈی میں تیز بارش اور آندھی کے باعث درخت، سائن بورڈز اور بجلی کے پول گر گئے، جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ کئی انڈر پاس پانی میں ڈوب گئے جبکہ گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

مریدکے، ڈسکہ، اٹک اور گردونواح میں بھی بارش سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی، جبکہ پشاور اور نوشہرہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

ایبٹ آباد اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نواب شاہ، سکھر اور میرپور ماتھیلو میں بھی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ دوسری جانب جہلم ویلی آزاد کشمیر اور سبی کے نواحی علاقے گلو شہر میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 5 جون تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button