پب جی گیم سے متاثر ہو کر بینک ڈکیتی کرنے والے ملزم کی ضمانت مسترد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سیشن کورٹ لاہور نے پب جی گیم سے متاثر ہو کر بینک ڈکیتی کرنے کے مقدمے میں ملزم سبحان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج سرفراز احمد نے مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران پراسیکیوٹر بابر رزاق نے ملزم کے خلاف شواہد عدالت میں پیش کیے۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے بھٹہ چوک میں بینک ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم سبحان نے مبینہ طور پر پب جی گیم میں ملنے والے ٹاسک سے متاثر ہو کر بینک سے 7 لاکھ روپے لوٹے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم اپنے زیرِ تعمیر گھر پہنچ گیا تھا، جہاں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مبینہ طور پر ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم، ایک گاڑی اور اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
ملزم سبحان کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت اور پراسیکیوٹر کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
عدالتی فیصلے کے بعد ملزم کو ضمانت پر رہائی نہیں مل سکی، جبکہ مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔



