لاہور ہائی کورٹ:عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظربندی کیخلاف درخواست کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کےخلاف درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت عالیہ نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست نمٹا دی۔
عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق مجاز اتھارٹی 3 ایم پی او کے تحت زیر التوا اپیل پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔
فیصلے کے مطابق متعلقہ اتھارٹی آئینی حقوق کو مد نظر رکھتے ہوئے آزادانہ فیصلہ کرے، جیل حکام دونوں بہنوں کو جان بچانے والی ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق جیل قواعد و ضوابط کے مطابق اہلخانہ سے ملاقات کروائی جائے۔
عدالت عالیہ کی جسٹس عبہر گل خان نے سکینہ نیازی کی درخواست پر 3 صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔ درخواست گزار نے اپنی والدہ نورین نیازی اور خالہ عظمیٰ خان کی نظر بندی کو چیلنج کیا تھا۔



