لاہور ہائیکورٹ میں مونس الٰہی کیس: چیف جسٹس برہم، وکیل کی عدم تیاری پر سخت ریمارکس، سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں مونس الٰہی کی جائیداد منجمد کرنے اور انہیں اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار کے وکیل کی عدم تیاری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بار کی مصروفیات کی وجہ سے عدالتی کارروائی نہیں روکی جا سکتی اور زیرِ التوا مقدمات میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔

درخواست مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مونس الٰہی بیرونِ ملک مقیم ہیں اور ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے، اس لیے جائیداد منجمد کرنے اور اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اشتہاری ملزم کی جانب سے اس نوعیت کی درخواست دائر کی جا سکتی ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے موجود ہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں سینئر وکیل ہی دلائل دیں گے، جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں عدالت نے وکیل کی استدعا پر درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

Back to top button