ماضی کے خوفناک دور کی یادیں، کمار سانو نے خاموشی توڑ دی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے سینئر گلوکار کمار سانو نے اپنے کیریئر کے ایک نہایت خوفناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک بار دبئی میں ایک انڈرورلڈ ڈان کی نجی تقریب میں پرفارم کرنا پڑا۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ گلوکار کے مطابق اس دور میں بالی ووڈ پر منظم جرائم پیشہ عناصر کا اثر و رسوخ تھا، جس کی وجہ سے وہ اپنی جان کے حوالے سے خوفزدہ تھے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف پلے بیک سنگر نے کہا اس زمانے میں ایسے لوگوں کی دعوت یا حکم کو ٹھکرانا آسان نہیں تھا، مجھے واقعی ڈر لگا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ اس وقت فلمی صنعت کا ماحول آج سے بالکل مختلف تھا۔
پوڈکاسٹ کے میزبان نے گفتگو کے دوران اس دور کے کئی ہولناک واقعات، خصوصاً میوزک کمپنی کے سربراہ گلشن کمار کے قتل کا بھی ذکر کیا۔ اس پر کمار سانو نے کہا کہ انہوں نے اس زمانے میں بہت کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا، اسی لیے وہ حالات کی سنگینی کو سمجھ رہے تھے اور جب بعض تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے کہا جاتا تھا تو انکار کرنے کے بجائے خاموشی سے مان لیتے تھے کیونکہ اکثر انہیں واحد عملی راستہ یہی محسوس ہوتا تھا۔
کمار سانو نے بتایا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان بااثر افراد میں سے کچھ کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات قائم ہو گئے تھے اور وہ یہ پیشکش بھی کرتے تھے کہ اگر انہیں کبھی کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا تو وہ ان کی حفاظت کریں گے۔
تاہم انھوں نے واضح کیا کہ کبھی بھی ایسی مداخلت یا وابستگی کی حوصلہ افزائی نہیں کی اور میں ان سے کہتا تھا کہ مجھے دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے، میں خود اپنا خیال رکھ لوں گا۔
ماضی کی ان یادوں کے علاوہ، کمار سانو ان دنوں اپنی شخصیت اور تشہیری حقوق سے متعلق قانونی مقدمے کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔ گزشتہ سال انہوں نے دہلی ہائی کورٹ سے اس معاملے پر رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ ہندی فلم انڈسٹری کے ممتاز پلے بیک گلوکاروں میں شمار ہونے والے کمار سانو آج بھی 1990 کی دہائی کی موسیقی کی پہچان سمجھے جاتے ہیں۔



