خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا 2280 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا حکومت کا آئندہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔
بجٹ کیلئے خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس دوپہر 2:00 بجے ہوگا، بجٹ کا مجموعی حجم 2280 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے،خیبرپختونخوا بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7.7 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ترقیاتی کاموں کیلئے صوبائی اے ڈی پی میں 225 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے، ترقیاتی بجٹ میں 150 ارب روپے فارن ایڈ/اسسٹنس کی مد میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔
روڈ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ 60 ارب روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے، بجٹ میں 2500 سے زائد ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔
خیبر پختونخوا کو اگلے مالی سال بھی رواں مالی سال کی طرح 1379 ارب روپے وفاق سے ملنے کی توقع ہے، دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ ہونے کی باعث کے پی کو وفاق سے ایک فیصد کی مد 139 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کی مد میں اگلے مالی سال کے دوران 50 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صحت کیلئے مختص رقم میں 43 ارب روپے خیبرپختونخوا کے بندوبستی اضلاع کے لئے ہوں گے،7 ارب روپے قبائلی عوام کیلئے صحت کارڈ کی مد میں مختص کرنے کی تجویز کئے جائیں گے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران صحت کارڈ کی مد میں صوبائی حکومت نے 41 ارب روپے مختص کئے ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس آج صبح 11 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوگا۔
کابینہ اجلاس کی صدرات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کریں گے، اجلاس میں مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی، کابینہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کی ترقیاتی اور غیر ترقیاتی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی بجٹ کی حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی، بجٹ منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔


