توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان سوئٹزرلینڈ بن سکتا ہے، خواجہ سعد رفیق

سکردو(جانوڈاٹ پی کے\ ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر مناسب توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان اپنی قدرتی خوبصورتی اور سیاحتی صلاحیتوں کے باعث سوئٹزرلینڈ کی طرز کا خطہ بن سکتا ہے۔

سکردو میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی قیادت اور وزیر اعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان آئے ہیں، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن)  نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے خطے کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق میں تاریخی کردار ادا کیا، جس پر پورا پاکستان ان کا مقروض ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا کہ اگر بار بار نواز شریف کی حکومت نہ گرائی جاتی تو آج گلگت بلتستان کی صورتحال کہیں بہتر ہوتی۔ ان کے مطابق انہیں بتایا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں آج بھی صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں باقاعدہ حصہ ملنا چاہیے، کیونکہ این ایف سی میں شمولیت سے خطے کے عوام کو ترقیاتی فنڈز اور وسائل تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ ان کے بقول اس اقدام سے آزاد کشمیر کے عوام کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی خدمت، تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جبکہ سکردو حلقہ نمبر 2 کو ماڈل حلقہ بنانے کا عزم بھی رکھتی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گلگت بلتستان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button