آزاد کشمیر کا الیکشن کشمیر کاز اور قومی یکجہتی کا امتحان ہے، خواجہ آصف

سیالکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پاکستان کی آزادی ان عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے موجودہ انتخابات کو انہوں نے کشمیر کاز، قومی یکجہتی اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ وابستگی کا الیکشن قرار دیا۔

ایل اے 36 جموں 3 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے متعدد انتخابات دیکھے ہیں، تاہم موجودہ انتخابات ایک منفرد پس منظر میں ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ انتخاب صرف سیاسی نہیں بلکہ کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے ساتھ وفاداری کے اظہار کا بھی موقع ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیوں کی قدر بہت زیادہ ہے اور ان لوگوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں آواز بلند کرنے والے متعدد نوجوان لاپتا ہوئے اور اپنے گھروں کو واپس نہ لوٹ سکے۔

خواجہ آصف نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "کشمیر ہماری شہ رگ ہے” اور آج پاکستان اور کشمیر کے تاریخی تعلق کو مختلف طریقوں سے چیلنج کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ رشتے قربانیوں سے بنتے ہیں، جبکہ کچھ صرف دعوؤں سے قائم کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برسوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران ہزاروں قربانیاں دینے والی مسلح افواج کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں نے وطن کی عزت اور سلامتی کا دفاع کیا۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کا کردار عالمی سطح پر توجہ کا مرکز رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button