خیرپور میں دل دہلا دینے والا واقعہ، مخالفین کو پھنسانے کیلئے باپ نےاپنی 7 سالہ بیٹی قتل کردی

خیرپور(جانوڈاٹ پی کے)خیرپور میں کوٹ ڈیجی میں 7 سالہ کمسن بچی کے مبینہ قتل کے واقعے میں پولیس نے بچی کے والد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مخالفین کو پھنسانے کے لیے اپنی بیٹی کو مبینہ طور پر قتل کیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) خیرپور امیر سعود مگسی کے مطابق ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا، بچی کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقتولہ کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شوہر نے مخالفین کو پھنسانے کے لیے بیٹی کو مبینہ طور پر قتل کیا۔ والدہ کے مطابق بچوں کے آپس کے جھگڑے پر مخالفین کے بچوں نے ان کے بیٹے کو مارا پیٹا تھا۔
والدہ نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے کہا تھا کہ ایک بیٹی مار کر ان پر کیس کریں گے، جبکہ منع کرنے پر انہیں قتل کی دھمکی بھی دی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



