ایران کشیدگی کے اثرات: چین اور یورپ کے درمیان زمینی تجارت میں اضافہ، قازقستان کو اربوں ڈالر فائدہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں ایران جنگ اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات اب عالمی تجارت کے راستوں پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں چین اور یورپ کے درمیان زمینی ریل ٹرانسپورٹ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق قازقستان کی قومی ریلوے کمپنی “قازقستان ٹیمیر ژولی” کے سی ای او تلگت الدیبرگینوف نے بتایا کہ خطے کی صورتحال کے باعث کارگو ٹرانسپورٹ کے حجم میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
ان کے مطابق چینی کمپنیوں نے سمندری راستوں کے بجائے زمینی ریل روٹس کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے، جس سے قازقستان کی ٹرانزٹ آمدن، فریٹ چارجز اور لاجسٹکس ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رجحان سے قازقستان کو اربوں ڈالر کی اضافی آمدن متوقع ہے، کیونکہ ملک یورپ اور چین کے درمیان ایک اہم ٹرانزٹ حب کے طور پر ابھر رہا ہے۔
حکام نے ریلوے انفراسٹرکچر کو مزید وسعت دینے اور جدید بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی کارگو ڈیمانڈ کو سنبھالا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ کی غیر یقینی صورتحال نے عالمی سپلائی چین کو بدلنا شروع کر دیا ہے، اور مستقبل میں اس کے اثرات توانائی اور تجارت کے شعبوں پر مزید گہرے ہو سکتے ہیں۔



