کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی ممکنہ شادی کی افواہیں پھر گردش میں

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے متعلق ایک نئی رپورٹ نے دونوں کی ممکنہ شادی کی افواہوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ ریڈار آن لائن نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں مبینہ طور پر مستقبل کی مشترکہ زندگی کے حوالے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور شادی کی تقریب کے لیے بھی ایک اہم شخصیت کو ترجیح دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم اس تقریب کی صدارت کے لیے کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی پہلی پسند ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ گورنر نیوسم دونوں کے قریبی دوست اور حامی سمجھے جاتے ہیں، وہ ٹروڈو کو ہم خیال رہنما جبکہ کیٹی پیری کو ایک بااثر عوامی شخصیت کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو ان دنوں جنوبی کیلیفورنیا میں واقع گلوکارہ کی رہائش گاہ پر زیادہ وقت ایک ساتھ گزار رہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر دونوں شادی کرتے ہیں تو ان کا مستقل طور پر کیلیفورنیا میں رہائش اختیار کرنے کا ارادہ ہے۔
اسی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ اگر مستقبل میں گیون نیوسم امریکی صدارتی انتخاب میں حصہ لیتے ہیں تو انہیں کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی حمایت حاصل ہو سکتی ہے، جس سے سیاسی اور عوامی سطح پر تمام فریقوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے 2005 میں صوفی گریگوار سے شادی کی تھی، تاہم دونوں نے 2023 میں علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔ ان کے تین بچے ہیں۔ دوسری جانب کیٹی پیری کی شادی 2010 میں رسل برانڈ سے ہوئی تھی جو 2012 میں ختم ہوگئی، جبکہ بعد ازاں وہ اداکار اورلینڈو بلوم کے ساتھ تعلق میں رہیں، جن سے ان کی ایک بیٹی ڈیزی بھی ہے۔
اگرچہ یہ تمام دعوے غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور نامعلوم ذرائع سے منسوب ہیں، تاہم کیٹی پیری، جسٹن ٹروڈو یا گیون نیوسم کی جانب سے ان خبروں کی تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔



