یومِ سیاہ کشمیر پر آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ جاری، کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے خصوصی نغمہ جاری کردیا، جس میں کشمیریوں کے عزم، حوصلے، جدوجہدِ آزادی اور آزادی کی امید کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے کے پُراثر بول اور ولولہ انگیز دھن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ثابت قدمی اور لازوال قربانیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ نغمے میں وادیِ کشمیر میں بھارتی مظالم، خواتین اور بچوں پر تشدد اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ نغمے میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور نامساعد حالات کے باوجود ان کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
نغمے میں حریت رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور برہان وانی کو جدوجہدِ آزادی کی نمایاں شخصیات کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی پائلٹ ابھینندن کی گرفتاری اور میزائل فائرنگ کے واقعات کے ذریعے پاکستان کی دفاعی تیاری اور عزم کا پیغام بھی دیا گیا ہے۔
نغمے کے اختتام پر پاکستان کی عسکری قیادت کی جانب سے کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا گیا ہے۔



