کراچی ڈیفنس میں خام تیل کی پائپ لائن لیک

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) ڈیفنس کے علاقے خیابانِ سحر، اسٹریٹ 13 سے گزرنے والی خام تیل کی پائپ لائن لیک ہوگئی، جس کے باعث سڑک پر خام تیل پھیلنے سے پھسلن پیدا ہوگئی اور اسے عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے ویجیلنس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ خام تیل کے پھیلاؤ کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک روک دی گئی۔

پولیس کے مطابق پارکو حکام کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے، جنہوں نے موقع پر ٹیم روانہ کردی۔ حکام کی جانب سے متاثرہ پائپ لائن میں تیل کی سپلائی بھی بند کردی گئی۔

پولیس کے مطابق نیشنل ریفائنری نے بھی سپلائی روک کر لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لائن کافی پرانی ہے اور سڑک کے درمیان سے گزر رہی ہے۔

ڈی ایچ اے ویجیلنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ساجد محمود اعوان کے مطابق تیل کی لیکیج روک دی گئی ہے۔ متاثرہ پائپ لائن کورنگی سے کیماڑی کی جانب جارہی ہے اور چار پائپ لائنوں میں سے ایک میں لیکیج ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ خیابانِ سحر میں اسٹریٹ 12 اور 13 کے درمیان پائپ لائن متاثر ہوئی، جبکہ خام تیل پھیلنے اور پھسلن کے باعث دونوں اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پانے اور پائپ لائن کی مکمل مرمت کے لیے متعلقہ اداروں کی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button