کراچی میں پی ٹی آئی کا بڑا سیاسی شو، راستے کنٹینرز سے بند، اجازت کے بغیر جلسہ ہوا تو گرفتاریاں؟

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کراچی دورے سے قبل شہر میں سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ سیکیورٹی صورتحال بھی اچانک گرم ہوگئی، مزار قائد کے اطراف اہم راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیئے گئے جبکہ پی ٹی آئی کو شاہراہ قائدین پر جلسے اور ریلی کی اجازت نہ ملنے کے باعث ممکنہ کارروائیوں کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں۔ وہ اندرون سندھ کے دورے کے بعد قافلے کی صورت میں کراچی میں داخل ہوں گے اور ٹول پلازہ سے سہراب گوٹھ، لیاقت آباد فلائی اوور، گرومندر، مزار قائد اور شاہراہ قائدین تک مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
مزار قائد کے اطراف راستے بند، سیکیورٹی ہائی الرٹ
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے مزار قائد کے اطراف تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فہیم خان کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے شاہراہ قائدین جانے کے لیے روٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کو سہراب گوٹھ سے ملیر کینٹ، یونیورسٹی روڈ اور شاہراہ قائدین کا متبادل روٹ دیا گیا ہے۔
جلسے کی اجازت نہ ملی تو بڑا ایکشن؟
ذرائع کے مطابق شاہراہ قائدین پر جلسے کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر تاحال اجازت نہیں دی گئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مؤقف سے بھی پارٹی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق شاہراہ قائدین پر جلسے، جلوس اور ریلی کی اجازت نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اجازت کے بغیر جلسہ یا ریلی منعقد کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے اور پی ٹی آئی کی مجوزہ سیاسی سرگرمیوں کے باعث کراچی میں سیاسی کشیدگی اور سیکیورٹی انتظامات پر سب کی نظریں مرکوز ہوگئی ہیں۔



