عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کا نظام سندھ حکومت کی بدترین نااہلی کا شکار ہوگیا، ایم کیو ایم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) عیدالاضحیٰ کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عید کے موقع پر صفائی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا ہے اور سندھ حکومت کی مبینہ نااہلی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں آلائشیں تاحال موجود ہیں، جس سے شدید تعفن پھیل رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہوں، لنک روڈز اور گلی محلوں میں آلائشوں کی موجودگی نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ متعلقہ بلدیاتی عملہ بھی غائب نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، جبکہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور اولڈ سٹی ایریا میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔
ایم کیو ایم ترجمان نے مزید کہا کہ بلدیہ، کیماڑی، اورنگی، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں بھی صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے تمام حکومتی دعوے صرف بیانات تک محدود رہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔



