کلوئی میں نوجوان پر مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج،ملزم گرفتار،پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کلوئی تھانے میں ایک نوجوان پر بچوں کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، مدعی مٹھو مل میگھواڑ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے معصوم بچے کو زبردستی اغوا کرکے مبینہ طور پر غیر اخلاقی حرکت کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں اسے دھمکیاں بھی دی گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ متاثرہ نوجوان کا طبی معائنہ اور دیگر قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملزم پر اس سے قبل بھی معصوم بچوں کو خرچی دینے کا لالچ دے کر جنگل میں لے جانے اور جنسی زیادتی کی کوشش کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق، سال 2022ء میں بھی اسی نوعیت کا ایک مقدمہ کلوئی تھانے میں درج ہوا تھا، جس میں قانون کے مطابق کارروائی کی گئی تھی۔ متاثرہ خاندان اور اہلِ علاقہ نے ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی تھرپارکر اور ایس ایچ او کلوئی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں اور شواہد اور قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ مقدمے کے حتمی نتائج تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔



