کینجھر جھیل پر15سال سے زائد عرصے سے مقرر محکمـ سیاحت کے کنٹریکٹ ملازمین نوکریوں سے نکال دیئے گئے

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاويد لطيف ميمن )کینجھر جھیل پر15سال سے زائد عرصے سے مقرر محکمـ سیاحت کے کنٹریکٹ ملازمین کو نوکریوں سے بے دخل کردیئے گئے۔ کینجھر جھیل پر 15 سال سے زائد عرصے سے مقرر سیاحت کے محکمے کے کنٹریکٹ ملازمین کو نوکریوں سے بے دخل کرنے اور مقامی ملازمین کی ہٹس پر ملازمت پر پابندی کے خلاف سینکڑوں دیہاتی اور متاثرہ ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔کینجھر جھیل پر آئے ہوئے ایم ڈی ٹورزم کی مقامی ملازمین سے بدکلامی پر کشیدگی بڑھ گئی۔ مذاکرات کے لیے بلائے گئے ملازمین کو کمروں میں بند کرنے کی کوشش کی گئی، جس پر ایم ڈی کے دفتر کے شیشے توڑ دیے گئے۔ جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا۔

اس موقع پر متاثرہ مقامی ملازمین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈیوٹی کرتے ہوئے 15 سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے، لیکن انہیں ابھی تک مستقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بلا جواز نوکریوں سے برطرف کر کے غیر مقامی لوگوں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینجھر کے کنارے سیاحت کے محکمے کی ہٹس اور ہوٹل پر نجی طور پر کام کرنے والے مقامی مزدوروں کو بھی نکال کر گیٹ کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔

احتجاج کرنے والے متاثرہ ملازمین نے بتایا کہ احتجاج کرنے والوں کو مذاکرات کے بہانے بلا کر ایس ٹی ڈی سی کے ایم ڈی فیاض شاہ نے ان سے بدکلامی کی اور گیٹ بند کروا دیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے، انہیں بے روزگار ہونے سے بچایا جائے، انہیں مستقل کیا جائے اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔دوسری جانب ایم ڈی فیاض شاہ سے موقف لینے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

مزید خبریں

Back to top button