ہری پور: 5 سالہ آیت نور سے زیادتی ثابت، 4 ملزمان گرفتار

ہری پور(جانوڈاٹ پی کے) پانچ سالہ آیت نور سے زیادتی اور اس کے قتل کے افسوسناک واقعے کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔ ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق میڈیکل بورڈ نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی ہے۔

ڈی پی او کے مطابق بچی کی دونوں رانوں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں جبکہ دونوں رانوں کے درمیان سوجن بھی پائی گئی۔ بچی کی موت زیادہ خون بہنے اور شدید خوف کے باعث ہوئی۔

پولیس کے مطابق کیس میں اب تک 4 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں، جن کی عمریں 13 سے 18 سال کے درمیان ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق مرکزی ملزم عثمان نے عدالت میں بھی بچی سے زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔ چوتھے ملزم حسن کی نشاندہی پر بچی کی لاش ایک ویران کنویں سے برآمد کی گئی۔

پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کو جیل منتقل کردیا ہے جبکہ ڈی این اے، کپڑے اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے کیے گئے سرچ آپریشن میں 400 سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button