حکومت پنجاب کا ائمہ و خطباء کے لیے 25 ہزار ماہانہ وظیفے کا اعلان، جمعہ کے خطبہ کیلئے اجازت نامہ لازمی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام ائمہ اور خطباء مساجد کے لیے ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفے کا اعلان کیا ہے۔ ائمہ مساجد و علماء کرام,خطبہ جمعہ کیلیے حکومت سے اجازت نامہ لیناپڑےگا۔ حکومت نے اس سلسلے میں ائمہ کرام کی رجسٹریشن، تعلیمی اسناد کی تصدیق اور اہلیت کے معیار سے متعلق نئے اصول و ضوابط طے کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ائمہ کرام کی رجسٹریشن مکمل کی جائے گی اور ان کی تعلیمی قابلیت و اسناد کا ریکارڈ جمع کیا جائے گا۔ ائمہ کے لیے کم از کم گریجویٹ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ جن ائمہ کرام نے اپنی اسناد کا ایچ ای سی (HEC) سے ویریفکیشن یا معادلہ (Equivalence) نہیں کروایا، انہیں فوری طور پر یہ عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلان کے مطابق تمام ائمہ کو این ٹی ایس (NTS) یا ای ایس بی (ESB) کے ذریعے اہلیت کا ٹیسٹ دینا ہوگا۔ امیدواروں کو ٹیسٹ میں کم از کم پچاس فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر دوسری ڈویژن درکار ہوگی۔ ٹیسٹ کے بعد ایک انٹرویو بورڈ ان کی جانچ کرے گا، جس میں دو مفتیانِ کرام، ایک سول جج اور ایک سرکاری کالج کے پرنسپل شامل ہوں گے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ بغیر لائسنس یا اجازت نامے کے کوئی بھی عالم یا خطیب کسی محفل یا منبر پر خطاب نہیں کر سکے گا۔ ایسا کرنا قانونی جرم تصور کیا جائے گا۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام معزز علماء، حفاظ اور خطباء کرام اپنی اسناد کا معادلہ جلد از جلد مکمل کریں، کیونکہ صرف ایچ ای سی سے ویریفائی شدہ اسناد رکھنے والے علما ہی سرکاری وظیفے اور دیگر مراعات کے اہل ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button