انڈونیشیا میں مسافر بحری جہاز لاپتا، 140 افراد کی تلاش جاری

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا میں خراب موسم کے باعث جاوا سی میں مسافر بحری جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا، جہاز پر 243 افراد سوار تھے، جن میں سے 103 کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ 140 مسافروں کی تلاش جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسافر بحری جہاز انڈونیشیا کے شہر سورابایا سے بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے شہر بنجرماسن جا رہا تھا کہ دوران سفر حکام کا جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
انڈونیشیا کے سرچ اینڈ ریسکیو حکام کے مطابق جہاز کی آخری معلوم پوزیشن جاوا سی میں بنجرماسن کی بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد لاپتا جہاز کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
حکام کے مطابق جہاز سے 103 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم ایک شخص ریسکیو کے بعد دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکا۔ حادثے کے بعد دیگر لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام نے بتایا کہ خراب موسم اور سمندری حالات کے باعث سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری رکھی گئی ہے۔



