جماعت اسلامی کی جانب سے تھرپارکرمیں مہنگائی،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور حکومتی پالیسیوں کےخلاف احتجاجی ریلیاں

تھرپارکر(رپورٹ :میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی ضلع تھرپارکر کی اپیل پر صوبہ سندھ کے دیگر علاقوں کی طرح مٹھی اور ننگرپارکر میں مہنگائی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بڑھتے ہوئے بجلی کے بلوں اور موجودہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔

ننگرپارکر میں احتجاجی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ننگرپارکر کے صدر محمد طاہر اور اعجاز نے کی۔ ریلی بلوچ محلہ سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی، جہاں شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کا بحران عوام کی زندگی کو شدید متاثر کر رہا ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

ادھر مٹھی میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے بلال مسجد کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کی قیادت یاسین لطیف مغل نے کی۔ مظاہرین نے مہنگائی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، مہنگائی پر قابو پایا جائے اور عوام دوست پالیسیاں اختیار کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button