وزیرآباد میں جماعت اسلامی کارکنوں سے مبینہ بدسلوکی، پولیس کے خلاف شدید احتجاج

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) ضلعی امیر جماعت اسلامی ناصر محمود کلیر نے پورے پاکستان میں جماعت اسلامی کے دھرنوں کی شاندار کامیابی پر کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیرآباد میں مقامی پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے، کارکنان کو زدوکوب کرنے اور گرفتار کرکے حبسِ بے جا میں رکھنے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔وہ جماعت اسلامی وزیرآباد کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صابر حسین بٹ،حافظ فرحان منیر بٹ،ذبیع اللہ ملک،محمد جاوید،صاحبزادہ محمد رفیق نعیم،ارسلان حیدر بٹ،نعمان قیصر ایدووکیٹ،عنایت اللہ میتلا،فیصل مجید،فیصل غازی سیف اللہ،محمد ریاض سلہریا،رانا ارشداقبال،محمد خالد ایڈووکیٹ،اطہر سعید ڈار اور متعدد ذمہ داران موجود تھے۔نا صر محمود کلیرنے کہا کہ وزیرآباد کے شرکاء کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور گرفتاریوں کا معاملہ انتہائی تشویشناک ہے، پولیس کی جانب سے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارنے، مبینہ طور پر گھر کے دروازے توڑ کر داخل ہونے اور گلی محلوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑنے کے ساتھ ساتھ ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے ہیں،جس پر جماعت اسلامی کے کارکنان میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ ایک خصوصی ٹیم تمام صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور کسی بھی محکمہ کو غنڈہ گردی، عوام پر تشدد یا اپنے فرائض سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے سی پی او سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ کن افراد نے ذاتی دلچسپی لے کر معاملے کو بگاڑنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنے دیے گئے، تاہم وزیرآباد جیسے واقعات دیگر مقامات پر سامنے نہیں آئے۔جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا قانونی جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں نعمان قیصر ایڈووکیٹ کی قیادت میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو صورتحال، گرفتاریوں اور دیگر مبینہ واقعات کا جائزہ لے گی اور مرکزی قیادت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ بعد ازاں جماعت اسلامی آئندہ کی قانونی و سیاسی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے کارکنان کر ہر سطح پر تحفظ کرے گی اور کارکنان نے پرامن احتجاج کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button