گوادر اور لسبیلہ میں آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 کی اختتامی تقریبات

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) گوادر کے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور لسبیلہ میں آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کی اختتامی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گوادر میں منعقدہ تقریب کے دوران جی او سی گوادر نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور ان میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

لسبیلہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ انٹرن شپ کے دوران نوجوانوں کو حقائق کی جانچ، جدید ابلاغی مہارتوں اور ان کے عملی استعمال سے متعلق تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

تقریب میں طلبہ و طالبات نے پروگرام کے تجربات بھی بیان کیے۔ ایک طالبہ نے کہا کہ آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ مکمل کرنا ان کے لیے اعزاز ہے، جس سے قومی خدمت کے جذبے کو تقویت ملی۔

ایک اور طالبہ کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ کے ذریعے ملکی مسائل کو بہتر انداز میں سمجھنے اور ان کے حل کے لیے سوچنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔ شرکا نے اس نوعیت کے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ نوجوانوں کو اپنے سوالات کے جوابات اور درست معلومات تک رسائی حاصل ہوسکے۔

طلبہ نے مزید کہا کہ آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ کے دوران انہیں معلومات اور دعووں کی بہتر انداز میں جانچ پڑتال کرنے کی صلاحیت حاصل ہوئی۔

تقریب کے مہمانوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم اور ہنر سے خود کو آراستہ کریں اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button