اسلام آباد میں نئے کاروباری اوقات نافذ، مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت یکم جون 2026 سے مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سٹورز، ہسپتال، پٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اور معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھ سکیں گے۔
مزید برآں دودھ اور ڈیری شاپس، جمنازیم، پیڈل کورٹس اور دیگر کھیلوں کی سہولیات پر بھی نئے اوقات کار لاگو نہیں ہوں گے۔ اسی طرح آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے بند ہوں گے، جبکہ کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری کی دکانوں کیلئے بھی رات 10 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ نجی مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات پر بھی یہی وقت لاگو ہوگا۔
اہم نکات
مارکیٹس اور شاپنگ مالز: رات 8 بجے بند
ریسٹورنٹس، تندور اور فوڈ آؤٹ لیٹس: رات 10 بجے بند
کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری شاپس: رات 10 بجے بند
شادی ہالز اور مارکیز: رات 10 بجے بند
میڈیکل سٹورز، ہسپتال، پٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز: مستثنیٰ
ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس: جاری رہے گی



