عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم، اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قیدِ تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مبینہ قیدِ تنہائی میں رکھنے کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ ہدایات کے ساتھ نمٹا دیا۔ علیمہ خان نے عمران خان جبکہ مبشرہ خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کی قیدِ تنہائی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھا جائے جبکہ جیل قوانین کے مطابق عمران خان کی فیملی سے ملاقات بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے اور ان کے بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو روزانہ کی بنیاد پر اخبارات اور کتابیں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ عمران خان کی آڈیو ریکارڈنگ کا غلط استعمال ہونے کی صورت میں یہ سہولت واپس لی جاسکتی ہے۔

فیصلے میں نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کیسز کے فیصلوں کی روشنی میں درخواستوں کو قابلِ سماعت قرار دیا گیا۔ عدالت نے سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور 15 روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

مزید خبریں

Back to top button