اسحاق ڈار کل واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے سرکاری دورہ امریکا کے دوسرے مرحلے میں کل نیویارک سے واشنگٹن روانہ ہوں گے جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ اور مشیر قومی سلامتی مارکو روبیو سے اہم ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کریں گے۔
ملاقات کے دوران مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں اور ان کے مثبت نتائج پر بھی غور کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پاک امریکا تعلقات، علاقائی سکیورٹی اور عالمی سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔



