اسحاق ڈار اور وینزویلا کے وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وینزویلا کے نومنتخب وزیر خارجہ و غیر ملکی تجارت فیلکس پلاسینسیا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فیلکس پلاسینسیا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور وینزویلا میں حالیہ زلزلوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ عوام کے ساتھ پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور امریکا و ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو بھی سراہا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار اور فیلکس پلاسینسیا نے اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے اور مستقبل قریب میں باہمی ملاقات کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔



