چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، سی پیک 2.0، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق، اسحاق ڈار

شنگھائی(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کہا ہے کہ شنگھائی میں ہونے والی ملاقاتیں انتہائی نتیجہ خیز رہیں، جن میں پاکستان اور چین نے سی پیک 2.0، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے چینی حکومت اور قیادت کی جانب سے پرتپاک میزبانی اور بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کی افتتاحی تقریب سے صدر شی جن پنگ کے خطاب کو بصیرت افروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کی اجتماعی دانش کا قیمتی سرمایہ ہے، تاہم اس ٹیکنالوجی کا محفوظ، ذمہ دارانہ اور مؤثر استعمال یقینی بنانا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ ملاقات کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی، مائننگ منصوبوں، قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ اور وزیراعظم شہباز شریف کے مئی 2025 کے دورۂ چین کے دوران طے پانے والے اہم منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اپنے ہمراہ وفد میں شامل وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت علی مصطفیٰ ڈار، پاکستان ورچوئل اثاثہ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (ایشیا پیسفک) ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں سے یہ دورہ کامیاب اور انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا۔

انہوں نے چین میں پاکستانی سفارتخانے اور شنگھائی میں پاکستانی قونصل خانے کے حکام کا بھی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ ہفتے اہم سفارتی مصروفیات اور سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے اسلام آباد واپس روانہ ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button