ایران نے نئی امریکی پابندیاں مسترد کردیں، ریاستی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف جرم قرار

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی اقتصادی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ریاستی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دے دیا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں میں شرکت غیر قانونی امریکی اقدامات میں معاونت کے مترادف ہے، اس لیے تمام ممالک ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عملدرآمد سے گریز کریں۔

وزارت خارجہ کے مطابق نئی امریکی پابندیاں لاکھوں ایرانی شہریوں کی صحت اور روزگار کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کیلئے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے عبوری معاہدے کے نفاذ کے دوران تقریباً 9 کروڑ بیرل تیل فروخت کیا۔

تہران میں انٹرنیشنل اسلامک یونٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی ممالک کو خطے کی سلامتی خود سنبھالنی چاہیے اور ایک دوسرے کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچانے کا عہد کرنا چاہیے۔

ادھر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ایسی تمام سرگرمیوں اور بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت کی جو عوامی حوصلے کو کمزور یا معاشرتی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ڈالر پر انحصار ختم کیا جائے گا اور دشمن کے بیانیے کو قومی اتحاد کے ذریعے شکست دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button