ایران میں 40 روزہ جنگ کے دوران 3 ہزار 519 افراد ہلاک، فارنزک میڈیسن آرگنائزیشن

تہران(ویب ڈیسک) ایران کی فارنزک میڈیسن آرگنائزیشن کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 40 روزہ جنگ کے دوران 3 ہزار 519 افراد ہلاک ہوئے۔
ایرانی حکام کے مطابق ہلاکتوں کی اس تعداد میں حالیہ ہفتوں کے دوران، خصوصاً جنوبی ایران میں امریکا کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں مارے جانے والے افراد شامل نہیں ہیں۔
فارنزک میڈیسن آرگنائزیشن کے سربراہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں تقریباً 3 ہزار مرد اور 500 خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 270 طلبہ بھی شامل تھے، جن میں اکثریت میناب کے شجرۂ طیبہ اسکول کے طلبہ کی تھی، جو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے پہلے روز مارے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 5 سال سے کم عمر 38 بچے بھی شامل ہیں۔
ایرانی حکام کی جانب سے جاری تفصیلات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مجموعی ہلاکتوں میں کتنے فوجی اہلکار شامل ہیں۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ جنگ کے دوران کم از کم 1,460 شہری اور 2,080 ایرانی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔



