جارح قوتوں کے اقدامات پر پشیمانی تک مزاحمت جاری رہے گی،ایرانی صدر

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ جب تک جارح قوتیں اپنے اقدامات پر پشیمان نہیں ہوجاتیں، ایران کی مزاحمت جاری رہے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمیشہ جنگ کا مخالف رہا ہے اور جنگ سے گریز ہی عوامی مفادات اور علاقائی سلامتی کے لیے بہتر راستہ ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی ریاست عظیم ایرانی قوم کے حقوق کی محافظ بنی رہے گی اور ملک اپنے قومی مفادات اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
دوسری جانب ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کو نئے ایرانی میزائلوں کے ذریعے واضح انتباہ مل چکا ہے۔
محسن رضائی کے مطابق ایران کے خلاف جاری معاشی جنگ کا جواب خلیج فارس میں بحری آمدورفت کے لیے ایک ممنوع زون قائم کرکے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ ممنوع بحری زون امریکی بحری ناکہ بندی کی حدود سے شروع ہوکر خلیج فارس تک پھیلا ہوگا۔ ان کے بقول اس زون میں داخل ہونے والے بحری جہازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایرانی قیادت کے ان بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جبکہ خلیج فارس میں بحری آمدورفت سے متعلق کسی بھی ممکنہ اقدام کے عالمی تجارت اور علاقائی سلامتی پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔



