ایران جنگ کے اثرات، بھارت میں پٹرول اور ڈیزل پھر مزید مہنگا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد انڈیا میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ رواں ماہ کے دوران یہ تیسرا بڑا اضافہ ہے جس نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
بھارتی سرکاری آئل کمپنیوں کے مطابق نئی دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 87 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 99.51 بھارتی روپے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ ڈیزل 91 پیسے مہنگا ہو کر 92.49 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جس کے اثرات بھارت سمیت کئی درآمدی ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ بھارت دنیا میں تیل درآمد کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے، اسی وجہ سے عالمی بحران کا براہ راست اثر مقامی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔
بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے نریندر مودی کی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ حالیہ ریاستی انتخابات کے باعث پہلے قیمتیں روکے رکھی گئیں، تاہم اب مرحلہ وار اضافہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بھارتی آئل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ اضافے کے باوجود انہیں فی لیٹر بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، اسی لیے مزید قیمتیں بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔



