بھارتی ریئلٹی شو میں سجاد علی کا گانا ’’راوی‘‘ گونج اٹھا، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار وجہ ان کا نیا گانا نہیں بلکہ ایک بھارتی ریئلٹی شو میں ان کے مقبول گیت ’’راوی‘‘ کی پیشکش ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس کے استعمال سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سجاد علی گزشتہ چار دہائیوں سے اپنی منفرد آواز اور یادگار گیتوں کے باعث موسیقی کے شائقین میں بے حد مقبول ہیں۔ ان کے مشہور گانوں میں ’’بابیا‘‘ اور ’’راوی‘‘ سمیت متعدد شاہکار شامل ہیں، جو آج بھی پسند کیے جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی ریئلٹی شو پنجاب ماسٹر چیمپس میں ایک کم عمر گلوکار نے سجاد علی کا گیت ’’راوی‘‘ پیش کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھایا کہ آیا اس گانے کے استعمال کے لیے باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی تھی یا نہیں۔
اسی پروگرام میں ایک اور مقابلہ کرنے والے نے پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کا معروف گانا ’’میری زندگی ہے تو‘‘ بھی پیش کیا، جس پر بھی پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ماضی میں سجاد علی پاکستانی ریئلٹی شو پاکستان آئیڈل میں اپنے گانوں کے استعمال کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کے باعث بھی خبروں میں رہے تھے، جس کے باعث شو کے شرکاء ان کے گیت پیش نہیں کر سکے تھے۔



