گیس بحران کے خدشے پر بھارت کا بڑا فیصلہ، ایل پی جی سلنڈر پر پابندی

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے توانائی بحران کے خدشے کے پیش نظر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پائپ لائن کے ذریعے قدرتی گیس استعمال کرنے والے صارفین پر ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت کے نئے حکم نامے کے تحت جن گھروں کو پہلے ہی پائپڈ نیچرل گیس (PNG) فراہم کی جا رہی ہے، وہ اب ایل پی جی سلنڈر حاصل نہیں کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے باعث عالمی سطح پر ایل پی جی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے بعد بھارت کو گیس قلت کے خدشات کا سامنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت اپنی ایل پی جی ضروریات کا تقریباً 60 فیصد درآمد کرتا ہے جبکہ ان درآمدات کا 90 فیصد حصہ مشرق وسطیٰ سے آتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو بھارت سمیت کئی ایشیائی ممالک میں گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔



