عمان کی سمندری حدود میں بھارتی شہری کی ہلاکت، نئی دہلی نے ایرانی نائب سفیر طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرا دیا


نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے عمان کی سمندری حدود میں ایک بھارتی شہری کی ہلاکت کے معاملے پر ایران کے نائب سفیر محمد جواد حسینی کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی نائب سفیر کو واقعے پر وضاحت طلب کرنے اور احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات ایران کی جانب سے آئل ٹینکروں پر حملوں کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں ہوئی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ایرانی نائب سفیر کو بھارتی وزارت خارجہ سے روانہ ہوتے دیکھا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والا بھارتی شہری اس آئل ٹینکر کے عملے کا رکن تھا جسے عمانی سمندری حدود میں مبینہ طور پر ایرانی کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں مزید 8 افراد زخمی ہوئے، جن میں 6 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران نے سمندر میں دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا، جبکہ پاسداران انقلاب نے بھی اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔