عمران خان کی گرل فرینڈ لیکھا واشنگٹن نے’’گھر توڑنے والی‘‘ریمارکس پر خاموشی توڑ دی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار عمران خان اور جنوبی بھارت کی تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ لیکھا واشنگٹن کے درمیان کچھ عرصے سے رومانوی ملاقاتیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 43 سالہ عمران خان جو بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھانجے ہیں، انکی پہلے اونتیکا ملک سے شادی ہوئی تھی، تاہم بعد میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی، جس کے بعد عمران نے لیکھا کے ساتھ تعلق قائم کیا۔
جب سے ان کے تعلقات منظر عام پر آئے ہیں، 42 سالہ لیکھا واشنگٹن کو سوشل میڈیا پر تنقید اور اسکروٹنی کا سامنا ہے اور اکثر لوگ انہیں ’گھر توڑنے والی‘ جیسے الفاظ سے پکار رہے ہیں۔ حال ہی میں چنئی سے تعلق رکھنے والی لیکھا نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے انھیں جج کرنے اور ان پر منفی تبصرے کرنے پر کھل کر بات کی۔
لیکھا نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی اور جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے کیریئر کے بارے میں ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے ایک دہائی جنوبی ہند میں بطور اداکارہ کام کیا جبکہ اگلے دس سال فن تخلیق کرنے میں صرف کیے۔ اس دوران مجھے کچھ مشکل اور منفی میڈیا کوریج کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ میں نے کافی عرصے تک خاموشی اختیار کیے رکھی، لیکن اب میں آہستہ آہستہ اپنی آواز بلند کر رہی ہوں، اپنا دفاع اور اپنے احساسات کا اظہار کرنے کا ایک طویل سفر رہا ہے۔
انھوں نے کہا شاید کہیں کوئی ایسا شخص ہو جو میری طرح ہو اور یہ دیکھ سکے کہ آزادی کا احساس حاصل کرنا ممکن ہے، حتیٰ کہ ایسی ثقافت میں بھی جو اکثر آپ کو ایک خاص انداز میں برتاؤ کرنے اور آپ کی پرواز کو محدود کرنے کا کہتی ہے۔ جس معاشرے میں ہم رہتے ہیں وہ بعض اوقات بہت قابو رکھنے والا اور پابندیاں لگانے والا ہو سکتا ہے، لیکن ہمیں اس کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیے۔
عمران کے ساتھ اپنے تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا لوگ اکثر کسی کی زندگی کی مکمل حقیقت جانے بغیر دوسروں پر رائے قائم کر لیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میری عمر 16 سال تھی، مجھے طرح طرح کے ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے، چاہے چنئی میں میرے بچپن کے دن ہوں یا بعد کے برس ہوں، لوگ مجھے بدکردار اور گھر توڑنے والی جیسے القابات سے نوازتے جو کہ اکثر خواتین کو نیچا دکھانے اور قابو میں رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ جو لوگ ایسے القابات استعمال کرتے ہیں، وہ حقیقت سے واقف نہیں ہوتے۔ کسی اور کے تعلقات کی پیچیدگیوں کو واقعی کون سمجھ سکتا ہے؟ پھر لوگ کس بنیاد پر فیصلہ سناتے ہیں؟
یاد رہے کہ عمران خان اور انکی سابق اہلیہ بچپن کے ساتھی تھے۔ دونوں نے 19 سال کی عمر میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا اور بعد ازاں 2011 میں شادی کی۔ 2014 میں ان کے ہاں بیٹی عمارہ ملک خان کی پیدائش ہوئی۔ تاہم تقریباً آٹھ سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2019 میں دونوں میں طلاق ہو گئی۔ جس کے بعد عمران نے 2020 میں لیکھا کے ساتھ تعلق قائم کیا۔



