متنازع ٹوئٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت 4 جون تک ملتوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ میں متنازع ٹوئٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت 4 جون تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت جسٹس محمد اعظم خاں نے کی، تاہم سپیشل پراسیکیوشن ٹیم کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی باقاعدہ سماعت نہ ہو سکی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ پراسیکیوشن ٹیم کے تین ارکان مقرر ہیں، جن میں سے ایک لاہور سے آنا ہے جبکہ دوسرا عدالت نمبر ایک میں مصروف ہے۔ اس پر جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ اس مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات موجود ہیں اور ان پر عملدرآمد ضروری ہے۔
دورانِ سماعت وکیل ریاست علی آزاد نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی مدت ختم ہو چکی ہے اور موجودہ درخواستیں بھی اعلیٰ عدالت کے حکم کی روشنی میں دائر کی گئی ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تمام فریق پابند ہیں۔
وکیل فیصل صدیقی نے استدعا کی کہ پراسیکیوشن کو مزید التوا لینے سے روکا جائے، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت جمعرات 4 جون کے لیے مقرر کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ 24 جنوری 2026 کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 17، 17 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جبکہ بعض الزامات میں بری بھی کیا گیا تھا۔



