مکہ باہمی دفاعی معاہدہ، پاکستان کی جانب سے خصوصی نغمہ ’’ہم سب ایک ہیں‘‘ جاری


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی خوشی میں پاکستان کی جانب سے خصوصی نغمہ ’’ہم سب ایک ہیں‘‘ جاری کردیا گیا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں حرمین شریفین کی حفاظت اور خدمت کو تینوں ممالک کے لیے ایک مشترکہ مقدس ذمہ داری کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی سرزمین پر موجود فوجی جوانوں کو عشقِ حرم اور مقدس مقامات سے وابستگی کی علامت قرار دیا گیا ہے۔
خصوصی نغمے میں حضور اکرم ﷺ سے محبت کو مسلمانوں کے ایمان اور شناخت کا بنیادی حصہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حرمین شریفین کی محبت مسلمانوں کو مشترکہ ایمان، قبلے، قرآن اور روحانی رشتے میں متحد کرتی ہے۔
نغمے کے ذریعے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ اور دفاعی تعاون کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ اسے خطے میں باہمی یکجہتی اور مشترکہ دفاعی عزم کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔