بدین میں دو میگا پروجیکٹس کا آغاز، خواجہ شیعا اثنا عشری جماعت کی جانب سے 32 گھروں کی تعمیر کا اعلان

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) دی فیڈریشن آف خواجہ شیعا اثنا عشری جماعت ضلع بدین کے زیرِ انتظام دو میگا پروجیکٹس کی سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں دی ورلڈ فیڈریشن آف خواجہ شیعا اثنا عشری جماعت کے صدر الحاج صفدر جعفر اور دی پاکستان فیڈریشن آف خواجہ شیعا اثنا عشری جماعت کے صدر عبدالحسن گوکل نے خصوصی شرکت کی
تقریب کے دوران بدین میں محمد علی جعفری میموریل خواجہ کالونی اور سادات کالونی کے تعمیراتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر دعا بھی کرائی۔ اس میگا پروجیکٹ کے تحت 32 گھر تعمیر کیے جائیں گے جو ایک سال کے اندر مکمل کر کے مستحق جماعت اور سادات کمیونٹی کے حوالے کیے جائیں گے اس موقع پر الحاج صفدر جعفر اور عبدالحسن گوکل نے کہا کہ ہم بدین اور دیگر شہروں سے آنے والے جماعتی ممبران کے شکر گزار ہیں، جو ہمیشہ خدمتِ خلق کے ہر مرحلے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدین کی کمیونٹی کی خدمت کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، جبکہ یہ منصوبے کمیونٹی کا دیرینہ خواب تھے جو اب عملی صورت اختیار کر رہے ہیں اور جلد پایۂ تکمیل کو پہنچیں گے
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ کمیونٹی کے بچے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں، اور اسی لیے قابل و ہونہار طلبہ کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تقریب میں دی فیڈریشن آف خواجہ شیعا اثنا عشری جماعت بدین کے ایجوکیشن سیکریٹری ڈاکٹر مختیار حسین جعفری نے اپنی پنشن میں سے 10 لاکھ روپے عطیہ کیے، جو نئے تعمیر ہونے والے گھروں پر خرچ کیے جائیں گےتقریب میں ضلع بدین کی جماعت کے صدر ڈاکٹر شفقت جعفری، جنرل سیکریٹری فدا حسین خواجہ، فنانس سیکریٹری منیر حسین خواجہ اور نندو، تلہار، ٹنڈوباگو اور بٹھورو سمیت مختلف شہروں کی جماعتوں کے صدور اور معزز اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی



