اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا عید پر دورہ، مریضوں سےعیادت،عید کے تحائف اور مٹھائیاں تقسیم

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کا ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا دورہ، دونوں افسران نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں میں عید کے تحائف اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ عید ایام میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عید کی اصل خوشی محروم طبقوں اور بیماروں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے میں ہے۔ ضلعی انتظامیہ عید کے ایام میں بھی عوام کو بلاتعطل خدمات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے۔ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں کی موجودگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کے ساتھ ساتھ ان کے سکھ دکھ میں شریک ہونا بھی ہمارا فرض ہے۔ عید کے موقع پر ہسپتالوں، عیدگاہوں اور تفریحی مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس فورس عید کے پرامن انعقاد کے لیے چوبیس گھنٹے الرٹ ہے



