"حیسکو کے مظالم” مٹھی کے قریب دیہاتی کو ڈھائی لاکھ روپے سے زائد بجلی کا بل جاری

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی کے قریب گاؤں پابوھر کے رہائشی غریب شہری جئیرام کے گھر پر ڈھائی لاکھ روپے سے زائد بجلی کا بل جاری ہونے پر علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق ان کے گھر میں نہ اے سی ہے، نہ فریج، نہ استری اور نہ ہی کوئی ایسا برقی سامان موجود ہے جس کے استعمال کی بنیاد پر اتنا بڑا بجلی کا بل بن سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ جاری کیا گیا بل حقائق کے منافی ہے، جس کے باعث غریب خاندان شدید ذہنی اور مالی پریشانی کا شکار ہو گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر میٹر میں کوئی خرابی، ریڈنگ میں غلطی یا بل کی تیاری کے دوران انتظامی کوتاہی ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری متعلقہ ادارے پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ صارف پر۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بل کی فوری اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں، اور اگر بل غلط ثابت ہو تو اسے فوری طور پر درست یا منسوخ کرکے متاثرہ شہری کو انصاف فراہم کیا جائے۔ شہریوں نے زور دیا کہ غریب عوام کے ساتھ اس قسم کی ناانصافیوں کا خاتمہ کیا جائے اور واپڈا مستقبل میں ایسی شکایات کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہ سکے۔ متاثرین کا مزید کہنا ہے کہ پہلے سیاسی انتقام کے لیے پولیس کو استعمال کیا جاتا تھا، جبکہ اب ان کے بقول واپڈا کے ذریعے بھاری بھرکم بجلی کے بل جاری کرا کے لوگوں کو ہراساں اور ذلیل کیا جا رہا ہے۔



