ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے:مٹھی میں آگاہی ریلی، عوام سے ٹیسٹ اور ویکسینیشن کرانے کی اپیل

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس تھرپارکر کے زیرِ اہتمام مٹھی میں آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے کی۔ ریلی میں ڈی ایچ او آفس کے افسران، عملے، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ضلعی نمائندے (ڈی ایس او) اور محکمہ صحت کے دیگر اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس سال کے عالمی موضوع "ہیپاٹائٹس: آئیے اسے سمجھیں اور غلط فہمیوں کا خاتمہ کریں” کے تحت منعقد کی گئی اس آگاہی ریلی کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک مرض کے بارے میں شعور بیدار کرنا، اس کی وجوہات، بچاؤ اور بروقت علاج سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک خطرناک مگر قابلِ بچاؤ اور قابلِ علاج بیماری ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کا باقاعدگی سے معائنہ کرائیں، بروقت ٹیسٹ کروائیں اور ویکسینیشن کے ذریعے خود اور اپنے اہلِ خانہ کو اس موذی مرض سے محفوظ بنائیں۔



