ہانیہ عامر کے بیان پر سوشل میڈیا دو حصوں میں تقسیم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے مداحوں کو دیا گیا ایک سبق آموز پیغام سوشل میڈیا پر غیر متوقع ردعمل کا باعث بن گیا۔ جہاں بعض صارفین نے ان کی سادگی اور عاجزی کو سراہا، وہیں متعدد افراد نے ان کے بیان اور اندازِ گفتگو پر تنقید بھی کی۔
ہانیہ عامر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں رکشے کی سواری بک کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں موجود ان کے دوست حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ اتنی بڑی اسٹار ہونے کے باوجود واقعی رکشے میں سفر کرنا چاہتی ہیں۔
اس پر ہانیہ عامر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’جو شاخ جھک جاتی ہے، اس پر زیادہ پھل لگتے ہیں‘ اور ان کے مطابق جو لوگ عاجزی اختیار کرتے ہیں اور اپنی جڑوں سے وابستہ رہتے ہیں، وہ زندگی میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔
اگرچہ اداکارہ کا مقصد عاجزی کا پیغام دینا تھا، تاہم ان کا یہی جملہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔ متعدد صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے کہاوت درست انداز میں بیان نہیں کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ اصل کہاوت یہ ہے کہ ’پھلوں سے لدی شاخ ہی جھکتی ہے، خالی شاخ نہیں‘۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے ہانیہ عامر کے اندازِ گفتگو اور شخصیت پر بھی تنقید کی۔ ایک تبصرے میں کہا گیا کہ وہ کم عمر لڑکیوں جیسا انداز اپناتی ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے ان کے لباس سے متعلق بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
اس کے برعکس کئی مداحوں نے ہانیہ عامر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد صرف عاجزی کی اہمیت اجاگر کرنا تھا، اس لیے اصل توجہ پیغام پر ہونی چاہیے، نہ کہ الفاظ کی معمولی غلطی پر۔



