نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں میں بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں، حمزہ شہباز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان بامعنی ڈائیلاگ ناگزیر ہے، جبکہ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد بھی اس بحث کی شدت کم کرسکتا تھا۔
حمزہ شہباز سے صحافتی تنظیم پیما کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں کے قیام اور بلدیاتی انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اگر بروقت بلدیاتی انتخابات کروا لیتیں تو نئے صوبوں کا ایشو اس طرح سامنے نہ آتا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ ہی ہونے چاہئیں تاکہ نچلی سطح تک جمہوری نظام مؤثر انداز میں کام کرسکے اور عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں۔
حمزہ شہباز نے بیوروکریسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی نے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کر دیے ہیں۔



