افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، حافظ نعیم الرحمن

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، جبکہ حکومت سے پٹرولیم لیوی ختم کرکے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے مکہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد کی جانب پہلا قدم ہے، معاہدے میں ایران کو بھی جلد شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ اندرونی حالات کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے، اگر ملک میں صنعتیں لگیں اور نوجوانوں کو روزگار ملے تو وہ دہشت گردی کی طرف کیوں جائیں گے۔ افغان حکومت کو چاہیے کہ بات چیت کے ذریعے معاملات حل کرے اور مذاکرات میں ٹھوس شواہد پیش کیے جائیں، جبکہ حالات میں بہتری لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے عالمی کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک میں ایک دو مرتبہ پٹرول مہنگا ہوا، لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھائی جارہی ہیں۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کی مد میں 8 ہزار ارب روپے سے زائد حاصل کرچکی ہے۔ ان کے مطابق پٹرولیم لیوی کے ذریعے حکومت اپنے اخراجات اور کرپشن کو چھپاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے کے بعد دوبارہ کم نرخوں پر نہیں آتیں۔ احتجاج کے دوران بڑی شاہراہیں بند کی گئیں، تاہم کسی کو نقصان نہیں پہنچنے دیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق بجلی پیدا کرنے سے زیادہ خرچ بجلی پیدا نہ کرنے پر ہورہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ اگست میں چاروں صوبوں میں بیک وقت دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، مطالبہ صرف یہ ہے کہ پٹرول 225 روپے کیا جائے اور اشیاء کی قیمتیں کم کی جائیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ یہ پارٹی مفاد نہیں بلکہ عوامی مفاد کی جدوجہد ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتیں اور عوام ہمارا ساتھ دیں۔ ان کے بقول فارم 47 کی حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بھی احتجاج میں ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک اور قوم کی بہتری ہوگی۔



