گنج بحر شاخ کے ٹیل کے آبادگاروں کاآبپاشی کے پانی کی قلت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)گنج بحر شاخ کے ٹیل کے آبادگاروں نے آبپاشی کے پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری طور پر پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تفصیلات کے مطابق گنج بحر شاخ کے آبادگاروں نے محمد اسحاق لنڈ، آفتاب احمد لنڈ، سراج مہران پوٹو، حاجن لنڈ اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا۔ اس موقع پر آبادگاروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گنج بحر شاخ کے ٹیل اور شیخانی گھاڑی تک کئی روز سے آبپاشی کا پانی نہیں پہنچ سکا، جس کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں شدید متاثر ہو رہی ہیں
انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی کے باعث کاشت کی گئی فصلیں سوکھ رہی ہیں اور انہیں لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا ہے۔ احتجاج کرنے والے آبادگاروں کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات اور درخواستیں دی جا چکی ہیں، تاہم تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا
آبادگاروں نے الزام عائد کیا کہ گنج بحر شاخ کے ٹیل کے آبادگاروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ان کی زرعی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہےانہوں نے سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ گنج بحر شاخ کے ٹیل اور ملحقہ علاقے شیخانی گھاڑی تک فوری طور پر آبپاشی کا پانی پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا



