دبئی کی خاتون نے ننھے اسٹکی نوٹ پر 150 الفاظ لکھ کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ خاتون پشپاجوتھی روی کمار نے ایک چھوٹے سے اسٹکی نوٹ پر ہاتھ سے 150 مختلف الفاظ لکھ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
پشپاجوتھی نے دبئی میں اپنی غیر معمولی باریک لکھائی کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اسٹکی نوٹ پر سب سے زیادہ الفاظ لکھنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
خاتون کے مطابق وہ بچپن سے ہی گینیز ورلڈ ریکارڈز دیکھتی رہی ہیں اور ہمیشہ اس کا حصہ بننے کا خواب رکھتی تھیں۔ ریکارڈ بنانے والے افراد کو دیکھ کر انہیں بھی کچھ منفرد کرنے کی تحریک ملتی رہی۔
پشپاجوتھی نے بتایا کہ ایک دن انہیں اچانک یہ خیال آیا اور انہوں نے ریکارڈ کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔اس چیلنج کے دوران ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ 150 الفاظ ایک ہی چھوٹے اسٹکی نوٹ پر اس طرح تحریر کیے جائیں کہ تمام الفاظ واضح اور پڑھنے کے قابل بھی رہیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں اپنی تحریر اور جگہ کے استعمال میں خاصی تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا پڑا۔یوں اپنی باریک اور محتاط لکھائی کی بدولت پشپاجوتھی نے اپنا نام گینیز ورلڈ ریکارڈ کی کتاب میں درج کرا لیا۔



